جھوٹے وعدے


تحریر: محمد عتیق اسلم
ہم سب کی زندگیوں میں ایسے بہت سے لوگ ہیں جو ہمیں یہ یقین دلاتے ہیں کہ ان سے بڑھ کر کوئی اور ہمارا خیرخواہ نہیں۔لیکن ایسے لوگ اکثر صرف وقت کے ساتھی ثابت ہوتے ہیں اور وہ بھی اُس وقت تک جب تک آپ ہنستےکھیلتے رہیں خوش رہیں اپ کے پاس پیسہ رہے ۔کہتے ہیں کہ رونے والوں کے ساتھ کوئی نہیں ہوتا سوائے خود ان کے اپنے ، اور ہنستوں کے ساتھی سب ہوتے ہیں اور یہ ہی سچ ہے۔دوست کی پہچان پریشانی اور سخت وقت میں ہوتی ہے ۔ میں نے بہت قریب سے دیکھا ہے کہ محبت کے بڑے بڑے دعوے کرنے والے ، رشتوں کی اہمیت جتانے والے، ہمیشہ ساتھ نبھانے کے دعوے دار عمل کے وقت کچھ اور ہی نکلتے ہیں اور مشکل وقت میں اپنی لفاظی سمیت غائب ہو جاتے ہیں ،مالی مدد تو درکنار یہ تو اخلاقی مدد کے وقت بھی اپنا دامن بچا جاتے ہیں۔یہ ہی لوگ منہ کے لفافے ہیں ،خوبصورت اور دلفریب الفاظ کے پیچھے مکروہ اور بھیانک سوچ کے مالک لوگ۔ مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ بعض لوگ ایسے مخلص ہوتے ہیں کہ اپنوں کو بھی پیچھے چھوڑ جاتے ہیں۔ جو اپنی زبان سے نکلے الفاظ کو نبھاتے ہیں ہر حال ہر صورت میں۔اس تحریر کا مقصد صرف یہ ہے کہ جھوٹے وعدے اور جھوٹی تسلیوں پر مبنی منہ کے لفافے کسی کو مت دیں، کیونکہ آسرا ٹوٹنے کا دکھ صرف غریب اور بے بس ہی محسوس کر سکتا ہے، اللہ پاک ہم سب کو سوچنے سمجھنے کی صلاحیت دے اور دوسروں کی مدد کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔اللہ پاک آپ سب کو ہر تکلیف ہر دکھ اور ہر پریشانی سے بچائے رکھے آمین

Post a Comment

0 Comments