کابل (پہچان نیوز) افغانستان میں طالبان نے ایک ہی دن میں مزید تین صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ جمالیا جس کے بعد جمعہ سے اتوار تک طالبان کی جانب سے فتح کیے گئے صوبائی دارالحکومتوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اتوار کے روز طالبان نے قندوز، سرپل اور تالقان پر قبضہ کرلیا۔ تالقان صوبہ تخار کا دارالحکومت ہے جب کہ قندوز صوبہ قندوز اور سرپل صوبہ سرِپُل کا دارالحکومت ہے۔طالبان کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ" شدید لڑائی کے بعد مجاہدین نے اللہ کے فضل سے دارالحکومت قندوز پر قبضہ کر لیا ہے۔ مجاہدین نے سرِپُل، سرکاری عمارتوں اور وہاں کی تمام تنصیبات پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔" طالبان نے اتوار کی شام ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے تالقان پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔خیال رہے کہ طالبان جوزجان کے دارالحکومت شبرغان پر پہلے ہی قبضہ کرچکے ہیں۔ یہ طالبان مخالف جنگجو رہنما مارشل عبدالرشید دوستم کا آبائی علاقہ ہے۔ اس کے علاوہ طالبان اہم تجارتی شہر زرنج پر بھی قبضہ کرچکے ہیں۔ یہ ایران کی سرحد کے ساتھ واقع نمروز صوبے کا دارالحکومت ہے۔

0 Comments